ممبئی:مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بارش کے سبب ہونے والی دقتوں کا جائزہ لینے کے لئے متاثر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران اُنہوں نے کہا کہ اس بار بارش کا پانی ممبئی میں جمع نہیں ہوگا، جہاں پانی جمع ہوگا اسے پمپنگ کے ذریعہ نکالا جائیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں مانسون ابھی تک نہیں پہنچا ہے لیکن تیزی سے ممبئی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ممبئی میں اگلے 48 گھنٹوں میں مانسون شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
ممبئی، تھانے، کلیان اور بدلاپور میں کل اور آج پری مانسون بارش دیکھی گئی ہے۔ ماہر موسمیات سشما نائر کے مطابق تیز جنوب مشرقی ہوا کی وجہ سے مانسون کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ممبئی میں آئندہ چند دنوں میں موسلادھار بارش دیکھی جا سکتی ہے۔ مانسون اب علی باغ پہنچ گیا ہے۔ اس وقت فضا میں نمی بڑھنے کی وجہ سے موسم کے انداز میں مسلسل تبدیلیاں آ رہی ہیں اور درجہ حرارت گر رہا ہے۔ جس سے عوام کو شدید گرمی سے راحت ملی ہے۔
مانسون عام طور پر 11 جون کو ممبئی سے ٹکراتا ہے، لیکن اس برس اس میں تاخیر ہوئی ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مانسون میں تاخیر ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے سن 2019 میں مانسون 25 جون کو پہنچا تھا۔ اس لحاظ سے اس بار بھی مانسون کے ہونے کا امکان 25 جون کے بعد ہی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاخیر کی وجہ سے جون کے مہینے میں صرف 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ بہت کم ہے۔