اردو

urdu

By

Published : May 11, 2019, 11:49 PM IST

ETV Bharat / state

' جامع مسجد کو فورسز کی تعیناتی سے مبرا رکھا جائے'

نماز جمعہ کے فوراً بعد جامع مسجد میں جو دلخراش واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بے تحاشہ ٹیئر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کے سبب درجنوں افراد خاص طور پر خواتین شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔

' جامع مسجد کو فورسز کی تعیناتی سے مبرا رکھا جائے'

انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح کشمیر کی دیگر بڑی بڑی مساجد، خانقاہوں، آستانوں اور امام باڑوں کو فورسز کی تعیناتی سے مبرا رکھا جاتا ہے اسی طرح جامع مسجد کے ارد گرد بھی فورسز کی تعیناتی سے گریز کیا جائے تاکہ اس تاریخی مسجد کے باہر گزشتہ روز جیسے افسوسناک واقعات رونما نہ ہوسکیں۔

یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کل نماز جمعہ کے فوراً بعد جامع مسجد میں جو دلخراش واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بے تحاشہ ٹیئر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کے سبب درجنوں افراد خاص طور پر خواتین شدید طور پرزخمی ہوئیں، پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ واقعہ جامع مسجد کے ارد گرد بھاری تعداد میں فورسز کی تعیناتی کے سبب پیش آیا جس سے شرپسند اور سازشی عناصر کو موقعہ ملتا ہے کہ وہ تاریخی جامع مسجد کے تقدس اور حرمت کو نقصان اور نمازیوں کو ہراساں کرسکیں جبکہ انجمن اوقاف نے بارہا ریاستی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے روز جامع مسجد کے ارد گرد فورسز کی تعیناتی سے اجتناب کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ انجمن اوقاف جامع مسجد نے مقدس ماہ رمضان کی آمد اور جمعتہ المبارک کے عظیم اور متبرک دن پر جبکہ شہر وگام سے ہزاروں کی تعداد میں نمازی اور زائرین نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مرکزی جامع مسجد کا رخ کرتے ہیں تاکہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور عبادت و ریاضت کے ساتھ ساتھ میرواعظ کشمیر کے مواعظ حسنہ سے مستفید ہو سکے لیکن حکمرانوں کا جامع مسجد کے ارد گرد فورسز اور پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کرکے ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جس سے اس عظیم عبادت گاہ کے تقدس اور حرمت کو زک پہنچایا جاسکے اور بڑی تعداد میں آنے والے نمازیوں بشمول پردہ نشین خواتین کو جمعہ جیسے عظیم اجتماع میں شرکت کی سعادت سے روکا جاسکے۔

اس دوران ترجمان کے مطابق ماہ رمضان المبارک کے عشرئہ رحمت کے دوران طے شدہ اور اعلان کردہ مجالس وعظ و تبلیغ کے پروگراموں کو میراعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی گذشتہ ایک ہفتے سے علالت کے سبب فی الحال ملتوی کیا گیا ہے۔ عوام سے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور میرواعظ کی فوری صحت اور شفایابی کی دعا کی درخواست کی گئی ہے تاکہ بحالی صحت کے ساتھ ہی وعظ و تبلیغ کی سرگرمیاںبحال کی جاسکیں۔
بتا دیں کہ شہرخاص کے نوہٹہ علاقے میں کل نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں نصف درجن سے بھی زیادہ نوجوان زخمی ہوئے تھے۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے فوراً بعد نوجوانوں نے نوہٹہ میں واقع جامع مسجد کے باہر تعینات سیکورٹی فورسز پر سنگ باری کی تھی۔ فورسز نے سنگ باری کرنے والے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے اشک آور گیس کے گولے بھی داغے اور مبینہ طور پر پیلٹ بندوقوں کا بھی استعمال کیا تھا جس کے نتیجے میں نصف درجن نوجوان زخمی ہوئے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details