پٹنہ:ریاستی حکومت کی جانب سے جیل مینوئل میں تبدیلی کر گزشتہ چودہ سالوں سے عمر قید کی سزا کاٹ رہے گینگسٹر آنند موہن سنگھ کی رہائی کے بعد سے جہاں بی جے پی، ایم آئی ایم نتیش حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں وہیں حکمران جماعت کی جانب سے اسے قانونی رہائی بتایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں بہار کے چیف سکریٹری عامر سبحانی نے بھی میڈیا سے کہا کہ آنند موہن کو پوری قانونی کارروائی کے بعد رہا کیا گیا ہے۔ وہ ایک سیاسی قیدی تھے۔
عامر سبحانی نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے جیل مینوئل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے قیدیوں کو رہا کرنے کا انتظام کیا ہے۔ آنند موہن کو ان دفعات کے تحت رہا کیا گیا ہے۔ اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ چھ سالوں میں 698 قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ آنند موہن بھی ان میں سے ایک ہیں۔
وہیں دہلی سے پٹنہ پہنچے جن ادھیکار پارٹی کے قومی صدر پپو یادو نے کہا کہ جب قانون کے تحت آنند موہن کی رہائی ہوئی ہے تو بی جے پی والوں کے پیٹ میں درد کیوں ہو رہا ہے، عمر قید والوں کو اس سے پہلے بھی رہا کیا گیا ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے جس پر بھاجپا کے لوگ واویلا مچا رہے ہیں۔ پپو یادو نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ جان بوجھ کر ملک میں بڑھتے پٹرول ڈیزل کی قیمت، آسمان چھوتی مہنگائی سے لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لئے اسے ہوا دے رہے ہیں۔ مرکز میں بیٹھی مودی حکومت سے آج لوگ سوال کر رہے ہیں مگر بھاجپا والوں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔