بارہمولہ :شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ میں چیف ایگریکچرل آفیسر، بارہمولہ، لوڈورہ، رفیع آباد کا دورہ کرکے سیلف ہیلپ گروپ یونٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مشروم یونٹس کا بھی افتتاح کیا۔ دورے کے دوران محکمہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اس دوران انہوں نے سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کے ساتھ ملاقات کی اور محکمہ ایگریکچرل کی جانب سے خواتین کو فراہم کیے گئے مشروم یونٹس کا بھی جائزہ لیا۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے چیف ایگریکچرل آفیسر، بارہمولہ، نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ’’سیلف ائمپلائمنٹ‘‘ کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے کئی روزگار بخش اسکیموں کے تحت مختلف یونٹس فراہم کیے جاتے ہیں جن میں مشروم یونٹس بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشروم یونٹس کے لیے نہ صرف لوگوں کو خام مال فراہم کیا جاتا ہے بلکہ انہیں اس حوالہ سے ٹریننگ بھی فراہم کی جاتی ہے۔ آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ مشروم یونٹس گھریلوں خواتین کے لیے آمدن حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہے اور گھر کے اندر ہی اس فصل کو تیار کیا جا سکتا ہے جو محض 60سے 70دنوں میں تیار ہوتی ہے۔