اننت ناگ میں شبانہ آتشزدگی، 8 رہائشی مکان خاکستر اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں کئی رہائشی ڈھانچے خاکستر ہو گئے۔ یہ سانحہ ضلع کے بوٹ کالونی، کھنہ بل علاقے میں قریب صبح پونے تین بجے پیش آیا۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے سبب آٹھ رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ان میں رہائش پذیر تیرہ کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے۔
آتشزدگی میں لاکھوں روپے مالیت خاکستر ہو گئی تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ بوٹ کالونی میں ایک رہائشی مکان سے دوران شب اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آس پاس کے کئی دیگر ڈھانچوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کے سبب پورے علاقے میں افراتفری کا ماحول پھیل گیا۔ اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس واردات میں مکینوں کا سارا مال و اسباب خاکستر ہوا۔
لوگوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور پولیس کو اطلاع دی گئی اور فائر ٹینڈرز کی بروقت کارروائی سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس عملہ، مقامی رضا کاروں اور جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کاروائی شروع کی، تاہم آگ کی زد میں آکر 8 رہائشی مکان اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی پتا نہیں جل سکا۔
مزید پڑھیں:Fire Incident In Anantnag اننت ناگ میں آگ کی ہولناک واردات، دکانیں سمیت کئی رہائشی مکان خاکستر
ادھر، متاثرین نے انتظامیہ سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین میں سے اکثر غریب لوگ ہیں اور ان سردیوں میں انہیں سر چھپانے کی جگہ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ متاثرین کے لئے فوری طور پر گرم ملبوسات اور راشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر موقع کا جائزہ لیا اور آگ متاثرین سے انکی فریاد سرکار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔