اردو

urdu

By

Published : Oct 10, 2019, 11:13 AM IST

ETV Bharat / sitara

دلکش اداؤں والی ریکھا کی خوبصورتی آج بھی برقرار

بالی ووڈ کی امراؤ جان، قاتل نگاہیں اور نمکین رنگت والی مشہور اداکارہ ریکھا کی آج سالگرہ ہے۔ ریکھا 10 اکتوبر 1954 کو مدراس کے ایک گھرانے میں پیدا ہوئیں تھیں۔ اُن کا حقیقی نام بھانو ریکھا گنیشن ہے۔

مشہور اداکارہ ریکھا کی آج سالگرہ

جانکاری کے مطابق ریکھا کے والد جیمنی گنیشن اور ان کی ماں تیلگو اداکارہ پشپ دیوی نے باقاعدہ شادی نہیں کی تھی۔ بچپن سے ہی تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کرنے والی ریکھا کو کافی جدوجہد کرنی پڑی تھی۔

مشہور اداکارہ ریکھا کی آج سالگرہ

ریکھا نے محض 11 سال کی عمر میں تیلگو فلم میں اداکاری سے اپنےکیرئیر کا آغاز کیا تھا۔ 1969 میں ہندی فلم 'دو شکاری' کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔

مشہور اداکارہ ریکھا کی آج سالگرہ

سنہ 1976 میں انہوں نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم 'دو انجانے' میں کام کیا اور فلم کو امر کر دیا۔ اس کے بعد یہ جوڑی نٹور لال، خون پسینہ، مقدر کا سکندر اور بہت سی فلموں میں ایک ساتھ نظر آئی۔ 1978 میں فلم 'مقدر کا سکندر' نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

یوں تو ریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ لیکن انکی فلمی زندگی میں سنہ 1981 میں بڑا موڑ آیا۔ جب انہوں نے فلم 'امراﺅ جان' میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ ریکھا نے اس فلم میں ادا کاری کے لیے باقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی۔ اسی لیے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی ۔

ریکھا کی کامیاب فلموں میں ساون بھادو، رام پور کا لکشمن، گورا کالا، کہانی قسمت کی، نمک حرام، دھرم کرم، دھرماتما، اتسو، مقدر کا سکندر، سلسلہ، پیار کی جیت، پھول بنے انگارے، زبیدہ، کوئی مل گیا اور اوم شانتی اوم شامل ہیں۔

مشہور اداکارہ ریکھا کی آج سالگرہ

سنہ 1980 میں رشی کیش مکھرجی کی ہدایت میں بنی فلم ’خوبصورت‘ ریکھا کے کیرئیر کی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گیئں۔ سنہ 1988 میں آئی فلم’خون بھری مانگ‘ ان کی سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔
راکیش روشن کی ہدایت میں بنی اس فلم میں انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نوے کی دہائی میں ریکھا نے فلموں میں کام کرنا کافی حد تک کم کر دیا تھا۔ سال 1996 میں آئی فلم ’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘ میں انہوں نے گینگسٹر مایا کا کردار نبھا کر ناظرین کو مسحور کر دیا اور فلم میں بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا۔

بے شمار فلمی ایوارڈز کے ساتھ ساتھ ریکھا کو 2010 میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم شری سے بھی نوازا گیا۔

ان کی خانگی زندگی بہت ناکام رہی ہے۔ ان کا معاشقہ کبھی اداکار ونود مہرا کے ساتھ رہا اور کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ ان کا نام لیا جاتا تھا۔ 80 کی دہائی میں ریکھا اور امیتابھ کے معاشقوں کی خبریں جب منظر عام پر آئی تھیں تو برصغیر میں جاری ’سوتن‘ رقابت کی روایت کے تحت ریکھا اور جیہ کے رشتوں میں تلخی آ گئی تھی۔

حتی کہ 1981 میں فلم سلسلہ کے بعد ریکھا اور امیتابھ کا رشتہ بھی وہیں ختم ہو گیا۔ اور انہوں نے 1990 میں دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے شادی کرلی تھی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نے خودکشی کر لی۔

ریکھا کو جہاں ان کی بہترین اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے وہیں ان کی پر اسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔ بڑھتی عمر کے باوجود ان کے ٹیلنٹ اور خوبصورتی میں آج بھی کسی قسم کی کمی نہیں آئی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details