اردو

urdu

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دنیا کا جدید ترین ساؤنڈ سسٹم نصب

By

Published : Apr 24, 2021, 9:54 AM IST

اس جدید ساؤنڈ سسٹم میں کرنٹ منقطع ہونے کی صورت میں بھی آواز کا لیول متاثر نہیں ہوتا اور سبھی جگہ ایک جیسی ہی آواز سنائی دیتی ہے۔

Masjid al Haram
Masjid al Haram

سعودی عرب کی مقدس مساجد مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں دنیا کا جدید ترین ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ تاکہ موذن کی اذان، آئمہ کی تلاوت اور خطیبوں کے خطبات کی آواز ایک ایک گوشے میں متوازن اور مناسب طریقے سے پہنچتی رہے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ میں مینٹیننس سسٹم کے ڈائریکٹر محسن السلمی نے بتایا کہ مسجد الحرام میں نصب ساؤنڈ سسٹم دنیا کا سب سے بڑا سب سے شفاف اور سب سے معیاری ہے۔

السلمی نے بتایا کہ مسجد الحرام سے منسلک مطاف کا صحن، توسیعی حصے، صفا اور مروہ کے درمیان سعی کا علاقہ، داخلی خارجی صحن اور آس پاس کی سڑکوں تک صاف شفاف متوازن انداز میں نماز، اذان، خطبے اور وعظ کی آواز پہنچانا بڑا چیلنج ہے۔ چیلنج کا پہلو یہ ہے کہ بعض مقامات کھلے ہیں اور بعض بند ہیں۔ بعض کا کچھ حصہ کھلا اور کچھ بند ہے۔

علاوہ ازیں تمام آئمہ کی آواز کا لیول ایک جیسا نہیں۔ نماز، طواف، سعی اور زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد کبھی کم، کبھی زیادہ اور کبھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ان تمام عناصر کو مدنظر رکھ کر ہر جگہ موزوں انداز میں شفاف طریقے سے آواز پہنچائی جاتی ہے۔

حرم شریف کے کسی بھی حصے میں موجود کسی بھی شخص کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ وہ ساؤنڈ سسٹم سینٹر میں موجود انسان سے مختلف یا کم درجے میں اذان یا نماز یا خطبے کی آواز سن رہا ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ کرنٹ منقطع ہونے کی صورت میں بھی آواز کا لیول متاثر نہیں ہوتا اور سبھی جگہ ایک جیسی ہی آواز سنائی دیتی ہے۔

مسجد الحرام، صحنوں اور اطراف کی سڑکوں پر تقریباً 7500 اسپیکر نصب ہیں۔ یہ مختلف پاور اور حجم کے ہیں۔ انہیں ساؤنڈ سسٹم کے ماتحت ٹیکنیکل روم کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details