عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نومبر میں اپنی بیٹی راحہ کی پیدائش کے بعد پہلی بار ایک ساتھ کسی تقریب میں شرکت کرتے نظر آئے۔ جوڑے نے جمعرات کو مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ منگنی کا جشن منانے کے لیے ان کی رہائش گاہ اینٹیلیا میں منعقد کی گئی شاندار تقریب میں شرکت کی ۔Anant Ambani's Engagement bash
اینیٹیلیا میں منعقدہ ستاروں سے سجی اس تقریب میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آئے۔ جہاں رنبیر کو چیک جیکٹ کے ساتھ کالے رنگ کے کرتے اور پاجامے میں دیکھا گیا وہیں عالیہ نیلے رنگ کے خوبصورت شرارے میں نظر آئیں۔ اس سادگی میں عالیہ کمال کی نظر آرہی تھیں۔ بعد میں اس جوڑے کو برہمسترا کے ہدایتکار اور اپنےدوست آیان مکھرجی کے ساتھ بھی دیکھا گیا۔
رنبیر اور عالیہ کی پارٹی میں انٹری کرتے ہوئے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ دونوں کے مداحوں نے انہیں ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے لکھا کہ 'وہ بہت اچھے لگ رہے ہیں'۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ' پورے ایونٹ کی واحد خاص بات رنبیر اور عالیہ ہی رہے'۔ ایک اور شخص نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ' وہ ایک ساتھ کتنے پیارے لگ رہے ہیں'۔ وہیں مداحوں نے انہیں 'پسندیدہ جوڑا' اور 'خوبصورت جوڑا' بھی کہا۔