اجئے کمار للو نے پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر پرچم بردار کے طور پر موجود سیوا دل کے چیف آرگینائزر ڈاکٹر پرمود کمار پانڈے نے سیوا دل کے روایتی پوشاک میں سینئر رہنماؤں کو قدم تال کراتے ہوئے پرچم کے مقام تک لاکر یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت ہی فخر کا دن ہے۔ لاتعداد معلوم نا معلوم شہداء کی قربانیوں کے بعد یہ ملک آزاد ہوا تھا اور اس کے بعد اس ملک میں آج ہی کے دن ہمارا آئین نافذ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں میں 125 سے زیادہ کسانوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تینوں زرعی قانون منسوخ کیے جائیں لیکن آمرانہ حکومت ان سنی کر رہی ہے۔ آج نہ صرف کسان تحریک ہے بلکہ نوجوان، طلبہ اور خواتین سماج کا ہر طبقہ پریشان ہے۔