ارریہ : آج کے دور میں یہ سچ ثابت ہو رہا ہے کہ سیاست کب کس کو عرش سے فرش پر لا دے، یہ کوئی نہیں کہہ سکتا، ارریہ ضلع میں سب سے زیادہ سرخیوں میں رہنے والا سیٹ جوکی ہاٹ اسمبلی حلقہ میں ایسا ہی کچھ ہوا ہے، یہاں سے آر جے ڈی سے موجودہ رکن اسمبلی شاہنواز عالم کو ٹکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا ہے، یہاں سے اب آر جے ڈی کے امیدوار شاہنواز کے بڑے بھائی اور سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم پر پارٹی کے اعلیٰ لیڈران بے بھروسہ کیا ہے۔
پارٹی نے سرفراز کو امیدوار کا اعلان کرتے ہوئے ٹکٹ دیا ہے۔ کافی دنوں سے جوکی ہاٹ کے عوام میں یہ بات گردش کر رہی تھی کہ آخر دونوں بھائیوں میں یہاں سے امیدوار کون ہوگا، اب سرفراز عالم کے نام کے ساتھ یہ قیاس آرائی بھی ختم ہو گئی۔
سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم اس سے قبل جوکی ھاٹ سے تین بار رکن اسمبلی اور نتیش حکومت کابینہ میں ایک بار وزیر رہ چکے ہیں. تسلیم الدین صاحب کے وفات کے بعد ان کی سیٹ پر سرفراز عالم فتحیاب ہوئے تھے جبکہ 2018 کے ضمنی انتخاب میں سرفراز کی سیٹ سے ان کے چھوٹے بھائی سرفراز عالم رکن اسمبلی چنے گئے تھے. تسلیم الدین خاندان کا جوکی ہاٹ پر عرصہ دراز سے قبضہ رہا ہے، یہاں اب تک 11 بار ہوئے انتخاب میں 9 بار تسلیم الدین یا ان کے صاحبزادوں نے جیت درج کی ہے. حالانکہ تسلیم الدین خاندان کو سیاسی وراثت کو ختم کرنے کا منشاء رکھنے والے مخالفین لیڈران اس بات سے تقویت ضرور ملی تھی کہ دونوں بھائی الگ الگ پارٹی سے انتخابی میدان میں اتریں گے مگر اب نظارہ بدل گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے فون پر بات کرتے ہوئے شاہنواز عالم نے ٹکٹ کاٹے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابھی فی الحال وہ پٹنہ میں ہیں اور آگے کا لائحہ عمل ارریہ پہنچ کر اپنے حامیوں سے مل کر طے کریں گے۔
انہوں نے فون پر یہ بھی بتایا کہ لالو جی اور تیجسوی یادو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آگے اور بھی کام لیا جائے گا۔ لیکن اب ارریہ پہنچنے کے بعد ہی طے کروں گا کہ آگے کیا کرنا ہے۔ اس خبر کے بعد سے شاہنواز عالم کے حامیوں میں مایوسی کی لہر ہے۔