وزیر اعظم نریندر مودی نے طوفان توکتے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے آج اپنی آبائی ریاست گجرات اور اس سے متصل مرکز کے زیر کنٹرول علاقہ دیو کے متعدد متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔
وزیر اعظم ایئر فورس کے طیارے سے بھاؤ نگر پہنچے اور وہاں سے ایک ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر فضائی معائنہ کیا۔ انہوں نے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع امریلی اور گیر سوم ناتھ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا۔
اس کے بعد انہوں نے احمد آباد میں وزیر اعلی وجے روپانی اور سینئر سکریٹریوں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔
واضح ر ہے کہ 17 مئی کی رات کو دیو کے قریب گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اس طوفان سے کم از کم 13 افراد کی موت ہوگئی تھی جو ریاست میں دیر رات تک سرگرم تھا۔
طوفان نے فصلوں، مکانات، سڑکوں، بجلی کے کھمبے وغیرہ کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ اس طوفان سے 80 ہزار سے زیادہ درخت اور 70 ہزار بجلی کے کھمبے بھی اکھڑ گئے۔ چھ ہزار سے زائد گاؤں اور 83 کوڈ اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ بہت سارے راستے بلاک ہوگئے۔