ممبئی:کینسر جیسے موذی مرض کو لیکر بڑے پیمانے پر جنگ جاری ہے، باوجود اس کے کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس کا علاج بھی مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ انہی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی کے اسلام جم خانہ نے ایک منفرد پہل کی ہے۔ جم خانے کے صدر یوسف ابراہنی نے کہا کہ جم خانے میں شادی اور دوسری تقریبات کے لئے منڈپ اور کھانے کا آرڈر لینے والے کیٹرس سے ہم پانچ فیصد کی رقم بذریعہ چیک کینسر کے لئے طلب کریں گے اور یہ رقم کینسر کے لئے مختص کی جائےگی۔Islam Gymkhana Cancer Fund
ابراہنی نے کہا کہ اس رقم کو کینسر کے مریضوں کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو دیا جائےگا تاکہ وہ اس رقم کا استعمال ان مریضوں کے لئے کر سکیں، جو اعلاج کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔ حالانکہ اس کے علاوہ اسلام جم خانے سے طبی مالی امداد بھی کی جاتی ہے لیکن کینسر کے لئے مختص اس پہل کی ہر سو چرچا ہو رہی ہے۔ کینسر کے لئے اب ہر حال میں پانچ فیصد کی رقم مختص ہونے سے کینسر کے مریضوں کے لئے راحت کی بات ہوگی۔ ابراہنی نے کہا کہ جمخانہ طویل عرصے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے۔ ہم نے دور حاضر کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر اس طرف قدم بڑھایا ہے، جہاں سے مسلمانوں کے مسائل دور ہوں۔