مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کورونا وائرس کی دیسی ویکسین کو غیر معمولی کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میڈ ان انڈیا' ویکسین خود انحصار بھارت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ہفتہ کے روز ملک بھر میں کورونا کی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیے جانے کے بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ "آج ملک ایک تاریخی لمحے کا گواہ بن رہا ہے۔ بھارت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کورونا کے خلاف لڑائی میں ایک اہم مرحلے کو پار کرلیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم بھارت کے سائنس دانوں کی بے پناہ صلاحیتوں اور ہماری قیادت کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے"۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا پر انسانوں کی فتح میں ہندوستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بھارت ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے انسانیت کے خلاف پیدا ہونے والے سب سے بڑے بحران سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کی ہے"۔
انہوں نے کہا کہ "اس بے مثال کامیابی پر ہر بھارتی کو فخر ہے۔ یہ دنیا کے منظر نامے پر ایک نئے خود انحصار بھارت کا ظہور ہے۔ تمام سائنسدانوں کو بہت مبارکباد"۔