سہارنپور: دنیا کے مشہور اسلامی تعلیمی ادارے دارالعلوم دیوبند میں خواتین کے داخلے پر عائد پابندی میں کچھ نرمی کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور ایسا مانا جارہا ہے کہ بہت جلد خواتین کچھ شرائط کے ساتھ دارالعلوم دیوبند میں داخل ہوسکیں گی۔ دارالعلوم انتظامیہ خواتین کے داخلے کے لیے کچھ شرائط پر غور کررہا ہے۔ نئے شرائط پر عمل کرتے ہوئے خواتین دارالعلوم اور ایشیا کی مشہور مسجد رشیدیہ میں آسکیں گی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ تقریباً 4 ماہ قبل دارالعلوم میں خواتین کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
دراصل دارالعلوم دیوبند میں نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل طلبہ میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے قواعد پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی گئی تھی جبکہ اس طرح کی شکایات موصول ہورہی تھی کہ دارالعلوم دیوبند میں باہر سے آنے والی خواتین کی وجہ سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے اور کچھ مسلم خواتین و لڑکیاں دارالعلوم میں ریل بنارہی تھیں۔ یہی نہیں مدرسہ کے احاطہ میں بنائی گئی ریلز سوشل میڈیا پر وائرل ہوری تھی جس سے ادارہ کی بدنامی کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا جس کے بعد 17 مئی کو انتظامیہ نی مدرسہ میں خواتین کے داخلہ پر پابندی عائد کردی تھی۔