کولکاتا: الیکشن کمیشن کی 13 رکنی فل بنچ کی جانب سے اتوار سے ریاست بھر میں انتخابی تیاریوں اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو نے کہا کہ ریاست میں مناسب سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کو تعینات کیا جائے گا، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ووٹر اپنے نمائندوں کا انتخاب آزادانہ اور منصفانہ طریقے سے کر سکیں۔
مغربی بنگال میں 7.58 کروڑ ووٹر ہیں جن میں سے 3.73 کروڑ خواتین اور 1873 ٹرانس جینڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ اجلاسوں کے دوران کمیشن کو بتایا گیا کہ بہت سے جعلی اور ڈپلیکیٹ ووٹرز ہیں، جن کی کمیشن تحقیقات کر رہا ہے۔ پانچ جنوری 2024 کو شائع ہونے والی ووٹر لسٹ میں جعلی اور ڈبل انٹری ووٹرز کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر کمار نے یقین دلایا کہ "یقینی طورپر ان کی جانچ کی جائے گی اور اگر ایسا پایا گیا تو ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔"
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ایک مرحلے میں ہی ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ کمیشن نے مطالبات کا نوٹس لیا ہے اور فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ای سی آئی نے کہا کہ تقریباً 80000 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے، جن میں فی پولنگ اسٹیشن اوسطاً 943 ووٹرز ہوں گے۔