اردو

urdu

ETV Bharat / state

اترپردیش اسمبلی ضمنی انتخابات میں کون جیتے گا، کانگریس اور سپا کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ - UP Assembly Bypolls

اترپردیش میں آئندہ 10 اسمبلی کے ضمنی انتخابات انڈیا بلاک کے لیے سخت امتحان ہوگا، خاص طور پر حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی کامیابی کے بعد جہاں انھوں نے 80 میں سے 43 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔ لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد اراکین اسمبلی نے اپنے اسمبلی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کی وجہ سے قواعد کے مطابق اگلے چھ ماہ کے اندر ان اسمبلی سیٹوں پر ضمنی الیکشن کرانے ہوں گے۔

اکھلیش یادو اور راہل گاندھی
اکھلیش یادو اور راہل گاندھی (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jul 18, 2024, 9:57 PM IST

لکھنئو:لوک سبھا انتخابات میں یوپی کی کل 80 سیٹوں میں سے 43 سیٹوں پر جیت درج کرنے کے بعد اتر پردیش میں آئندہ 10 اسمبلی ضمنی انتخابات میں انڈیا بلاک کو اپنے پہلے امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

گزشتہ ہفتوں کے دوران، کانگریس اور ایس پی دونوں کے لیڈر یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ ضمنی انتخاب سے پہلے انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور 2027 کے اسمبلی انتخابات میں حکمراں بی جے پی کو اترپردیش سے ختم کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔

کانگریس کے اندرونی ذرائع کے مطابق، وہ 10 میں سے تین یا چار سیٹوں پر مقابلہ کرنا چاہتی ہے، لیکن انڈیا بلاک کے اتحادیوں کے درمیان باضابطہ مشاورت شروع ہونا ابھی باقی ہے۔

کانگریس نے اپنی تنظیم کی طاقت اور کمزوریوں کا جائزہ لینے کے لیے 21 جولائی کو لکھنؤ میں ان تمام 10 اسمبلی سیٹوں کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ بلائی ہے جہاں ضمنی انتخابات ہونے ہیں تاکہ اس کے مطابق دعویٰ کیا جا سکے۔ کانگریس قائدین پرجوش ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ الیکشن انڈیا اتحاد کے لیے بی جے پی کو شکست دینے کا ایک اور موقع ہے۔

اترپردیش میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری انچارج پردیپ ناروال نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ہم تمام 10 سیٹوں پر بی جے پی کو شکست دینے والے ہیں۔ بی جے پی عام انتخابات کے نتائج سے پریشان ہے اور شسکت کے لیے قربانی کا بکرا تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کانگریس جیسا احساس ایس پی نے بھی شیئر کیا۔ مظفر نگر سے ایس پی لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ہریندر سنگھ ملک نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اگرچہ میں بی جے پی کے اندرونی جھگڑوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ بی جے پی قربانی کا بکرا تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جسے لوک سبھا انتخابات میں شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکے۔ ان کی اندرونی لڑائی کی وجہ سے گورننس پر توجہ ختم ہو گئی ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

ایس پی لیڈر کے مطابق، آئندہ ضمنی انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کریں گے، لیکن انہوں نے کہا کہ علاقائی پارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ معاملات کرتے ہوئے ہمیشہ بڑا دل دکھایا ہے۔ ہم ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ ریاست بھر میں ہماری ایک مضبوط تنظیم ہے اور ہم بی جے پی کو دوبارہ شکست دیں گے۔

پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق کانگریس 3 یا 4 ضمنی انتخابی نشستوں پر الیکشن لڑنے میں خوش ہو گی، اور ممکن ہے کہ وہ سیسماؤ، میرا پور، غازی آباد، پھولپور اور کھیر سیٹوں پر الیشن لڑنے کا دعویٰ کریں گے۔

یوپی کانگریس کے سابق سربراہ برجلال خبری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اگرچہ اسمبلی انتخابات میں مسائل قومی مسائل سے مختلف ہیں، انڈیا بلاک آنے والے ضمنی انتخابات میں بھی بی جے پی کو شکست دینے کے لیے مل کر کام کرے گا۔جہاں تک سیٹوں کی تقسیم کا تعلق ہے اس پر باہمی طور پر کام کیا جائے گا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کچھ نشستوں پر اچھی پوزیشن میں ہیں اور جب بھی باضابطہ مشاورت شروع ہوگی اس بات کو سامنے لائیں گے۔ تاہم، ہمیں آئندہ مقابلے کے لیے اپنے وسائل کو بھی متحرک کرنے اور اتحادیوں کے ساتھ ہم آہنگی کی منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے جیسا کہ قومی انتخابات میں کیا گیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details