کولکاتا:مغربی بنگال کے گورنر وی سی آنند بوس نے گارڈن ریچ واقعے کو لے کر ہاوسنگ محکمہ کی جم کر تنقید کی۔ انہوں نے پولیس افسران سے اس سلسلے میں بات چیت کی۔ انہوں نے پورے معاملے کی تفصیلی معلومات حاصل کی۔
مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے رشتہ داروں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےانتظامیہ کی پھٹکار لگائی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعے کا پیش آنا انتظامیہ کی ناکامی کا ثبوت ہے۔انسانی غلطی اور خامیوں کی وجہ سے غریب لوگوں کی جان جاتی ہے۔
گورنر نے کہا کہ مغربی بنگال کے تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کرے، قصورواروں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ کولکاتا اور اس کے اطراف میں غیر قانونی تعمیراتی کاموں پر جلد سے جلد لگام کسا جا سکے۔
غور طلب ہے کہ گارڈن ریچ میں کثیرمنزلہ عمارت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ آج صبح مزید دو افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے قبل چار لوگوں کو ملبہ سے نکال کر ایس ایس کے ایم اسپتال لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔