کولکاتا: آسام میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ وزیر اعظم مودی کسی کے لیے کچھ بھی کریں گے۔ دریں اثنا بی جے پی نے دعوی کیا کہ بنرجی نے اپنے ایکس پوسٹ کے ساتھ رام نومی کے تہوار کی توہین کی ہے۔
ممتا بنرجی نے وعدہ کیا کہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ اور این آر سی کو مغربی بنگال میں نافذ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کو حراستی کیمپ میں تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرہم جیت گئے تو ہم ریاست میں این آر سی اور سی اے اے کو نافذ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب انتہائی خوفناک ہے۔ ملک کو حراستی کیمپ میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔میں نے اس سے پہلے کبھی ایسا سیاہ اور کرپٹ الیکشن نہیں دیکھا۔
ممتا بنرجی نے بی جے پی حکومت کو جملے باز پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فساد ان کی (مودی حکومت) کی واحد ضمانت ہے۔ مجھے یقین نہیں ہے کہ مودی کسی کے لیے کچھ کریں گے۔ یہ حکومت ایک جملے باز حکومت ہے۔میں کسی دھمکی سے نہیں ڈرتی۔بی جے پی نے گزشتہ ہفتے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وہ پورے ملک میں سی اے اے اور یکساں سول کوڈ کو نافذ کرے گی۔