کولکاتا:مہوا موئترا کی رکنیت معطل کیے جانے کے بعد سے ہی ممتا بنرجی موئترا کی حمایت کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی نے پانچ دسمبر کو کارشیانگ سے بی جے پی پر بھی تنقید کی تھی، اسی دن مہوا کی رکنیت کو برخاست کیا گیا تھا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ پارٹی مہوا کے ساتھ ہے۔ بی جے پی کی انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ مہوا کو دفاع کے لیے کچھ کہنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ میں اس کارروائی کے سخت خلاف ہوں۔
آٹھ اکتوبر کو ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ مہوا موئترا پر سوالات پوچھے جانے کے بدلے رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نشیت ڈوبے نے الزام لگایا تھا کہ مہوا موئترا نے رشوت لے کر اڈانی انڈسٹری کے کاروبار کے بارے میں سوالات اٹھائے تھے۔ لوک سبھا اخلاقیات کمیٹی نے مہوا کے خلاف الزامات کی تحقیقات کی۔ اس کے بعد کمیٹی نے ان کی معطلی کی سفارش اسپیکر کو بھیجی اور کہا کہ مہوا کی پارلیمنٹ رکنیت کو ختم کر دیا جانا چاہیے۔ اس کی بنیاد پر مہوا کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم کر دیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد مرکزی حکومت نے انہیں دہلی میں سرکاری بنگلہ چھوڑنے کا حکم بھی دیا۔