خاتون ڈاکٹر قتل کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں کی جائے (etv bharat) کولکاتا: کولکاتا کے آر جی کار میڈیکل کالج میں ٹرینی خاتون ڈاکٹر کے جنسی زیادتی اور قتل کے معاملے میں جاری احتجاج کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مطالبہ کیا کہ اس کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت سے کی جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آر جی کار اسپتال کے ڈاکٹر کے قتل کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں ہو۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ جس دن مجھے کولکاتا کے پولیس کمشنر سے اس واقعہ سے متعلق معلومات ملی، میں نے ان سے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، اس پر فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ فوری طور پر فاسٹ ٹریک کورٹ بھی قائم کی جانی چاہیے۔ میں ابھی تک یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔
ممتابنرجی نے کہا کہ پولیس نے مجھے بتایا ہے کہ (ہسپتال) کے اندر کوئی تھا۔ آر جی کار ہسپتال کے پرنسپل نے آج استعفیٰ دے دیا ہے۔ پولیس، ڈاگ اسکواڈ، فرانزک ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ٹیمیں تفتیش میں مصروف ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس اسے جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آر جی کار میڈیکل کالج کے پرنسپل نے استعفیٰ دے دیا
اس سے قبل ممتا بنرجی پیر کو متاثرہ خاندان کے گھر پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے متوفی میڈیکل طالب علم کے والدین سے ملاقات کی۔ وہاں واپس آنے پر ممتا نے کیس کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے جانچ ایس آئی ٹی کو سونپ دی اور مطالبہ کیا کہ ملزمین کو چار دن کے اندر گرفتار کرکے فاسٹ ٹریک کورٹ میں پھانسی کی سزا سنائی جائے۔