غازی آباد: آر ایس ایس کی ونگ مسلم راشٹریہ منچ کے کنوینر مظاہر خان نے پیغمبر اسلام کی شان میں دیے گستاخانہ بیان کی مذمت کی اور بیان دینے والے یتی نرسنگا نند کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اتر پردیش کے غازی آباد ضلع کی ڈاسنا دیوی مندر کے پجاری یتی نرس سنگھا نند کے خلاف بی جے پی اور آر ایس ایس کے بھی سخت تیور نظر آ رہے ہیں۔
ایک طرف تمام سیاسی اور ملی تنظیمیں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کے لیے یتی نرسنگھا نند کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں اور اس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں تو وہیں مرادآباد میں مسلم راشٹریہ منچ کے کنوینر مظاہر خان نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات چیت میں یتی نرسنگھا نند کے بیان کی سخت مذمت کی اور اس کی گرفتاری کی مانگ کی ہے۔
مظاہر خان نے کہا کہ یتی نرسنگھا نند نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں جو گستاخانہ بیان دیا ہے، اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس طرح کی بیان بازی سے بچنے کی ہدایات دی ہیں۔ اور مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست ڈاکٹر اندریش کمار نے بھی میٹنگ کر کے یتی نرسنگھا نند کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ساتھ ہی انہوں نے مسلمانوں سے بھی گزارش کی ہے وہ کسی طرح کے بہکاوے میں نہ آئیں اور ماحول کو کسی بھی صورت میں خراب نہ ہونے دیں۔