علی گڑھ:یونیورسٹی آف ہیوسٹن، امریکہ کے اشتراک سے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کامرس کے زیر اہتمام 12 ہفتوں پر محیط 'اسٹیمولیٹنگ اربن رنیول تھرو انٹریپرینئرشپ (شیور) ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچ چکی ہے۔ اس ورکشاپ کے ذریعہ متنوع پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء، کمزور مالی وسائل والی کمیونٹیز کی خواتین اور اسی طرح کے دیگر افراد پر مشتمل شرکاء کو ایک تعلیمی اور نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔
شیور ورکشاپ کے دوران ممکنہ کاروباری افراد کو اکاؤنٹنگ، ٹیکسیشن، قانون، مارکیٹنگ، مالیاتی خواندگی اور بینکنگ سمیت دیگر شعبوں کی معلومات فراہم کی گئی۔اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریا گنگولی داس، سفیر، گورننگ کونسل آف ایشین کنفلوئنس شیلانگ نے شرکت کی۔
انہوں نے خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا ہے۔چونکہ مائیکرو، اسمال و میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) روزگار کے بہت مواقع پیدا کرتی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ لوگ اس طرف متوجہ ہوں اور اپنا کاروبار شروع کرنے کی کوشش کریں کیونکہ انٹریپرینیورشپ مستقبل کی ترقی کی شاہ کلید ہے۔ شیور ورکشاپ یقینا اس میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔
مہمان اعزازی کی حیثیت سے محمد عمران حسن، مینیجر برانچ انچارج SIDBI نے کہا کہ انٹریپرینیورشپ پروگرام نئی مہارتیں سیکھنے اور معلومات و صلاحیتوں کو بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ شرکاء سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے مضبوط پہلوؤں کی شناخت کریں اور اپنی مہارت بڑھانے کی کوشش کریں جو ترقی اور کامیابی کی کلید ہے۔