اردو

urdu

ETV Bharat / state

اردو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی اہم شخصیات کو 'نشان اردو' اعزاز سے نوازا گیا - Nishan Urdu Award

Honored with 'Nishan Urdu' award فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی کی جانب سے لکھنوں میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو کے فروغ کےلئے نمایاں کردارادا کرنے والی اہم شخصیتوں کو ’نشان اردو‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اردو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی اہم شخصیات کو 'نشان اردو' اعزاز سے نوازا گیا
اردو کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی اہم شخصیات کو 'نشان اردو' اعزاز سے نوازا گیا (ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 22, 2024, 10:28 PM IST

لکھنؤ: فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی، اتر پردیش حکومت کے زیراہتمام ہندی سنستھان حضرت گنج لکھنؤ کے پریم چند سبھا گار میں 'اردو پڑھاؤ۔ اردو بڑھاؤ' کے موضوع پر ایک سیمینار اور اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اردو کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی نمایاں خدمات دینے والی کئی اہم شخصیات کو 'نشانِ اردو' سے نوازا گیا۔

معروف صحافی و ادیب احمد ابراہیم علوی کی صدارت میں 'اردو پڑھاؤ۔ اردو بڑھاؤ' موضوع کے تحت منعقد ہونے والے اس سیمینار میں ڈاکٹر مسیح الدین خان، ڈاکٹر یاسر جمال، ڈاکٹر نزہت فاطمہ اور عطیہ اور دیگر مقالہ نگاران نے موضوع کے متعلق اپنے مقالات پیش کیے۔پروگرام کے کچھ روز قبل اردو پڑھاؤ۔ اردو بڑھاؤ کے اسی موضوع پر مختلف کالج اور اسکول کے طلبا وطلبات کے درمیان تحریری مقابلے منعقد کیے گئے تھے جن میں تقریباً 86 مقالے موصول ہوئے تھے۔ ڈاکٹر ثروت تقی، زرین حیات اور ایس این لعل کی تین رکنی کمیٹی نے پانچ بہترین مقالات کا انتخاب کیا۔

ان مقالہ نگاران میں پہلا انعام بصیرت فاطمہ دوسرا سیدہ مسکان فاطمہ اور تیسرا انعام منتشاء رضوی کو دیا گیا۔ دو طالبات صالحہ اور نور فاطمہ کو کنسولیش کے طور پر انعامات سے نوازا گیا۔ 'نشانِ اردو' اعزاز سے نوازے جانے والی جن 11 شخصیات کاانتخاب کیا گیا ان میں لکھنوی تہذیب و ثقافت کے ترجمان، خادم اردو زبان و ادب نواب جعفر میر عبداللہ کو بعد از مرگ دیا گیا، جسے ان کے بھائی نواب مسعود عبداللہ نے وصول کیا ۔ اس کے علاوہ جن دیگر شخصیات کو اردو کی خدمت کے لیے نشانِ اردو سے نوازا گیا ان میں ڈاکٹر ہری اوم، پروفیسر صابرہ حبیب، محترمہ کلثوم طلحہ، ڈاکٹر ایس۔ نسیم صبوحی، جناب منیش شکلا، ڈاکٹر فائزہ عباسی، ڈاکٹر ثروت تقی،جناب پرویز ملک زادہ، محترمہ تبسم فاطمہ اور محترمہ شویتا سریواستو 'ازل' شامل ہیں۔

غور طلب ہے کہ یہ اعزاز ان شخصیات کو دیا گیا ہے جنہوں نے اپنی تعلیم یافتہ زندگی میں اردو زبان و ادب کی باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی اور ان کا ذریعہ معاش اردو نہیں ہے، پھر بھی انہوں نے اردو کی ترقی و فروغ کے لیے نمایاں کام کیا ہے۔ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی ایرا میڈیکل کالج کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) عباس علی مہدی شریک ہوۓ ۔ مہمانان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر ہری اوم (آئی اے ایس)، فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی کے چیئرمین اطہر صغیر زیدی(تورج زیدی)، ہندی اردو ساہتیہ ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین سیداطہر نبی ایڈوکیٹ اور فخر الدین علی احمد میموریل کمیٹی کے سکریٹری جناب شوکت علی موجود رہے۔

پروگرام کے آخر میں کنوینر ایس این لعل نے سبھی ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کی اور کامیاب پروگرام کا‌حصہ بننے کے لیے سبھی مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details