اردو

urdu

ETV Bharat / state

پرتاپ گڑھ میں جمعیت علما سے وابستہ مولانا محمد فاروق قاسمی کا کلہاڑی سے بہیمانہ قتل، حالات کشیدہ - brutal killing religious scholar In Pratapgarh

Brutal Killing Religious Scholar In Pratapgarh: پرتاپ گڑھ میں معروف عالم دین مولانا محمد فاروق قاسمی کے بہیمانہ قتل پر علاقہ میں حالات کشیدہ ہیں۔ مولانا کی شہادت پر جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

the brutal killing of a well known religious scholars with an ax In Pratapgarh, situation is tense
پرتاپ گڑھ میں معروف عالم دین کا کلہاڑی سے بہیمانہ قتل، حالات کشیدہ (ETV Bharat Urdu)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 8, 2024, 4:54 PM IST

لکھنؤ: پرتاپ گڑھ کے معروف عالم مولانا محمد فاروق قاسمی ناظم جمعیت علما ضلع پرتاپ گڑھ کے ساتھ پیش آمدہ ظالمانہ واقعہ اور اس میں ان کی شہادت پر مولانا محمود اسعد مدنی صدر جمعیت علماء ہند اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔ واضح ہو کہ مولانا کو ان کے وطن سون پور گاؤں میں کچھ افراد نے دھاردار ہتھیار سے شہید کر دیا اور لاش گھر کے سامنے چھوڑ دی۔

یہ بھی پڑھیں:

Pakistan Religious Scholar Shot Dead کراچی میں معروف عالم دین کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا

مولانا مرحوم شہر پرتاپ گڑھ میں واقع جامعہ عبداللہ بن مسعود کے مہتمم تھے۔ موصوف جمعیت علماء ہند کے مخلص سپاہی اور علاقہ میں فریقین میں صلح جوئی اور عوامی خدمت کے لیے معروف تھے۔ اس کے علاوہ متعدد دینی و اصلاحی سرگرمیوں میں معاون اور شریک کار رہے۔ ان کے خسر مولانا یار محمد خان حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی کے خاص شاگرد اور خادم تھے۔ پورا خاندان خانواده مدنی کی محبت و عقیدت کا اسیر ہے اور گھر کا ہر فرد حفظ قرآن کی نعمت کا حامل ہے۔

جمعیۃ علماء ہند نے اس قلق آمیز حادثہ پر اہل خانہ کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے اور یوپی سرکار اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ اس موقع پر صدر جمعیت علماء ہند نے جمعیت کے جمیع احباب و متعلقین اور ارباب مدارس سے مولانا موصوف کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کے اہتمام کی اپیل کی ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام حاصل ہو۔ ( آمین )

دریں اثنا جمعیت علماء پرتاپ گڑھ کا ایک وفد صدر جمعیت علماء پرتاپ گڑھ مفتی جمیل الرحمٰن کی قیادت میں سون پور گاؤں پہنچ گیا ہے۔ وفد نے پولس انتظامیہ سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوراً گرفتار کیا جائے اور اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ مزید یہ کہ اہل خانہ کو پچاس لاکھ مالی معاوضہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ جیٹھواڑہ تھانہ علاقہ کے سون پور گاؤں میں کلہاڑی سے مولانا کو قتل کر دیا گیا۔ زمین کی خرید و فروخت میں دو فریق کے مابین تنازعہ ہوا۔ جس کے بعد مولانا کو دھاردار کلہاڑی سے بہیمانہ طریقہ سے قتل کردیا گیا۔ جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی ہے۔ موقع پر کثیر تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور ملزمین کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی ہے۔ واقعہ کے بعد حالات قابو سے باہر ہو گئے ہیں۔ مشتعل ہجوم نے ملزم کے گھر پر پتھراؤ شروع کر دیا ہے اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ موقع پر تعینات فورس نے مشتعل ہجوم کو روکنے کی کوشش کی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details