حیدرآباد: حیدرآباد میں این آئی اے کے عہدیداروں نے سینئر صحافی وویدھم میگزین کے ایڈیٹر این وینوگوپال کے مکان کی تلاشی لی۔قومی جانچ ایجنسی کی جانب سے یہ دھاوے ماونوازوں کے ساتھ ان کے تعلقات کے الزامات پر مارے گئے ہیں۔ وینوگوپال، انقلابی مصنف ورا ورا راو کے داماد ہیں۔ قومی جانچ ایجنسی کے عہدیدار، ایل بی نگر علاقہ میں روی شرما کے گھر کی تلاشی بھی لے رہے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی پچھلے کچھ عرصہ سے ان افراد کے مکانات کی تلاشی لے رہی ہے جن کے ماؤ نوازوں سے تعلقات ہیں۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر، این آئی اے کے عہدیداروں نے یہ کارروائی کی۔
واضح رہےکہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے اس سے پہلے بھی تلنگانہ کے دار الحکومت حیدرآباد سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مارے گئے تھے۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات سے عین پہلے بھی ایجنسی کی جانب سے مختلف سیاسی رہنماوں کے مکانات پر چھاپے مارے گئے تھے۔ اور سیاسی رہنماوں کے مکانات کی تلاشی لی گئی تاہم کئی مرتبہ کے چھاپے کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔