حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں جمعہ کے روز پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ کے ساتھ گھر گھر گھر جاکر جامع سروے کے ساتھ ذات پر مبنی سروے کے لئے ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔حکومت نے کہا کہ اس سروے کا مقصد لوگوں کی سماجی، اقتصادی، تعلیمی، روزگار، سیاسی اور ذات پات کی حیثیت کا جائزہ لینا ہے۔ یہ قرارداد میراتھن بحث کے بعد منظور کی گئی جس کے دوران اپوزیشن پارٹیوں نے تجویز دی کہ قرارداد کے بجائے بل منظور کیا جائے۔ تاہم کانگریس حکومت نے قانون سازی کی ضرورت کو مسترد کردیا۔
پسماندہ طبقات کی بہبود کی وزیر پونم پربھاکر کے ذریعہ پیش کردہ قرارداد کو پڑھتے ہوئے کہا کہ"ایوان نے گھر گھر گھر جاکر جامع سروے سماجی، اقتصادی، تعلیمی، روزگار، سیاسی اور ذات کے سروے پورے تلنگانہ کے لئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مختلف سماجی، اقتصادی، تعلیمی، روزگار اور سیاسی مواقع کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کیا جا سکے''۔
بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت نے ذات کے سروے کے لیے 150 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یقین دلایا کہ اگر ضرورت پڑی تو مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ سروے شفاف طریقے سے کیا جائے گا۔ انہوں نے ایوان کو یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سیاسی پارٹیوں، پسماندہ طبقات کے لیڈروں اور ماہرین سے ذات کے سروے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے میں تعاون کرے گی۔
تلنگانہ کے وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران ذات پر مبنی سروے کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے ذات پر مبنی سروے کو متفقہ طور پراسمبلی میں منظور کرنے پر تمام پارٹیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی خواہش ہے کہ کمزور طبقات سماجی، سیاسی اور روزگار کے شعبوں میں ترقی کریں۔