لکھنؤ: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک بار پھر جونپور سے ایس پی ایم پی بابو سنگھ کشواہا کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔ جمعہ کو ای ڈی نے لکھنؤ کے کانپور روڈ پر واقع بابو سنگھ کشواہا کی قیمتی جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ جمعہ کو ای ڈی کی ٹیم بھاری فورس اور بلڈوزر کے ساتھ کانپور روڈ پہنچی۔ ٹیم نے کروڑوں مالیت کی اراضی ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ عمارتوں کو بھی گرایا۔
دس سال سے ای ڈی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بابو سنگھ کشواہا سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ای ڈی نے غیر متناسب اثاثوں کا معاملہ بھی درج کیا ہے۔ جانچ کے دوران ای ڈی کو معلوم ہوا تھا کہ کشواہا نے گھوٹالے کر کے پیسے سے کئی بے نام جائیدادیں بنائی ہیں۔ ایسے میں ان جائیدادوں کا پتہ چلا جن کا مالک کوئی اور تھا۔ ان میں سے ایک زمین کانپور روڈ پر واقع تھی۔ اسے کشواہا نے وندھیا شکتی سیمنٹ کمپنی کے نام سے خریدا تھا۔