مالیگاؤں (مہاراشٹر):مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ مقدمہ کی سماعت آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ سرکاری اور دفاعی گواہوں کی گواہی مکمل ہونے کے بعد استغاثہ نے حتمی بحث کا آغاز کیا تھا جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔ استغاثہ کی بحث کے اختتام کے بعد دفاعی وکلاء بحث کا آغاز کریں گے۔ گذشتہ دو ماہ سے سرکاری وکلاء حتمی بحث کررہے ہیں۔ آج خصوصی این آئی اے عدالت کے جج اے کے لاہوٹی نے تمام دفاعی وکلاء کو حکم دیا کہ وہ پیر کے دن سے حتمی بحث کے اختتام تک تمام ملزمین کو عدالت میں موجود رہنے کے لیئے مطلع کریں۔
ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ شدید بیمار ہے اور فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہے، ملزمہ کی آنکھ کی روشنی کم ہوتی جارہی ہے اور اسے دیگر امراض بھی لاحق ہیں۔ لہذا عدالت ملزمہ کی عدالت میں حاضری میں رعایت دے جس پر خصوصی جج نے کہا کہ پیر کے دن اس تعلق سے غور کیا جائے گا۔
آج عدالت میں خصوصی سرکاری وکیل اویناش رسال اور انو شری رسال نے حتمی بحث کا آغاز کیا اور عدالت کو اس مقدمہ کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے تعلق سے عدالت میں سرکاری گواہوں کی جانب سے دیئے گئے بیانات کی روشنی میں بحث کی۔ وکلاء استغاثہ نے ملزمہ کے خلاف عدالت میں موجود زبانی اور دستاویزی ثبوت خصوصی جج کو بتائے۔
وکلاء استغاثہ نے آج ملزم رمیش اپادھیائے کے خلاف بھی موجود ثبوت و شواہد کی روشنی میں حتمی بحث کی۔ وکلاء کی استغاثہ کی حتمی بحث آج نا مکمل رہی جس کے بعد عدالت نے اپنی کاررائی کل تک کے لیئے ملتوی کردی۔ خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے اے ٹی ایس کی جانب سے اس مقدمہ کی تفتیش کرنے والے اے سی پی موہن کلکرنی کو پیر کے دن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔