گوہاٹی: آسام میں کم عمری کی شادی کے خلاف مہم دوبارہ شروع کی جائے گی۔ آسام حکومت اگلے نومبر اور دسمبر سے اس پر کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے جمعرات کو گوہاٹی کے بسیستھا میں بی جے پی کے ریاستی دفتر میں میڈیا کو یہ جانکاری دی۔
پریس سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم ہمانتا نے کہا کہ انڈیا چائلڈ پروٹیکشن کے ذریعہ کرائے گئے سروے کے مطابق کم عمری کی شادی کی روک تھام کے معاملے میں آسام سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی جانب سے کم عمری کی شادی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
سی ایم ہمانتا نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت آسام حکومت کے زیرو ٹالرینس اقدامات کی وجہ سے کم عمری کی شادی میں ملوث تقریباً 3000 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 2021 کے بعد سے آسام میں بچوں کی شادی کی شرح میں 81 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسام میں تقریباً 80 فیصد کم عمری کی شادیاں اقلیتی برادری اور 20 فیصد اکثریتی برادری کے ذریعے کی جاتی ہیں۔