سنگرور: دھوری میں مندر کے پجاریوں نے ایک نوجوان کو قتل کر کے اس کی لاش کو مندر میں بنے ہوان کنڈ کے نیچے دفن کر دیا۔ یہ واقعہ شہر کے مشہور بگلا مکھی مندر میں پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔
دھوری پولیس اسٹیشن کے انچارج سوربھ سبھروال نے بتایا کہ 33 سالہ سدیپ کمار ولد گریندر کمار دُھری کا رہنے والا تھا۔ مقتول کے اہل خانہ نے شکایت کی تھی کہ سدیپ کمار دو تاریخ سے گھر نہیں آیا تھا۔ سدیپ چھوٹے بچوں کو پنڈتائی پڑھاتا تھا۔ جب گھر والوں نے مندر جا کر پوچھا تو مندر کے پجاری پرمانند نے بتایا کہ وہ دو دن سے مندر نہیں آئے۔ لیکن جب پولیس نے پرمانند سے پوچھ گچھ کی تو انہیں اس پر شک ہوا اور اسے تھانے لے آئے۔ سبھروال نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران اس نے ساری کہانی بتائی اور اعتراف کیا کہ اس نے اسے قتل کر کے ہوان کنڈ کے نیچے دفن کر دیا ہے۔