گیا: ضلع گیا میں شب برات انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ بندگان خدا نے اتوار کی پوری رات عبادت میں گزاری۔ شب برات کی شام سے لے کر صبح تک لوگوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں واقع مذہبی مقامات جیسے مسجد، مزارات اور درگاہوں وغیرہ پر حاضری دی اور خیر و برکت کی دعائیں مانگی۔
اس دوران گھروں میں اور مذہبی مقامات پر قرآن مقدس کی تلاوت بھی کی گئی۔ شہر کی مختلف مساجد اور قبرستانوں سمیت مسلم اکثريتی علاقوں میں رات بھر ہلچل رہی۔ قبرستانوں میں جا کر اپنے مرحومین کو یاد کرتے ہوئے لوگوں نے فاتحہ اور درود و سلام کا نظرانہ پیش کیا۔ رات بھر مسلمانوں نے اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگی۔
گیا میں نماز ظہر کے بعد سے ہی شب برات کی تیاریوں میں لوگ مصروف ہوگئے تھے۔ مغرب کی نماز کے بعد شہر کے علاقوں میں کریم گنج، نیو کریم گنج، نادرہ گنج، چھتہ مسجد، کٹھوکر تالاب، علی گنج، معروف گنج، منی مسجد گیول بیگہ پولیس لائن پنچایتی اکھاڑا، اقبال نگر وغیرہ محلوں میں رونق بڑھ گئی تھی۔ لوگوں نے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ درگاہ، مزار اور قبرستان کی زیارت کی۔ لوگوں نے قبرستانوں میں واقع اپنے رشتہ داروں کی قبروں پر اگربتیاں جلا کر فاتحہ بھی پڑھا۔