نوئیڈا:اتر پردیش گریٹر نوئیڈا کے جیور میں رہنے والے سچن اور سیما ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ فرضی محبت کی خاطر سرحد پار کر کے اپنے بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر گریٹر نوئیڈا آنے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر کی مشکلات میں اب اضافہ ہو سکتا ہے۔ سیما حیدر کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے اپنے وکیل کے ذریعہ گریٹر نوئیڈا سورج پور کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ اس میں غلام حیدر نے سیما اور سچن پر کئی الزامات لگائے ہیں۔ عدالت نے اس معاملے میں جیور پولیس کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔
دراصل سیما حیدر کے پاکستانی شوہر غلام حیدر کے وکیل مومن ملک نے غلام حیدر کی جانب سے سورج پور کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ اس کی سماعت آج سورج پور کورٹ میں ہوئی۔ ایڈووکیٹ مومن ملک نے غلام حیدر کی جانب سے سیما حیدر اور سچن مینا اور نیترپال مینا (سچن کے والد) کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ عرضی میں سیما سچن اور نیترپال کے خلاف تقریباً 20 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
الزام لگایا گیا ہے کہ سیما، سچن اور نیترپال نے غلط دستاویزات کے ذریعے ضمانت حاصل کی تھی۔ درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے جیور پولیس اسٹیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ سورج پور کورٹ نے جیور پولیس کو 18 اپریل سے پہلے جواب دینے کو کہا ہے۔