بھوپال: مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا کام جمعرات کو ختم ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل 8 فروری کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا تاہم آج تک ایک بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرایا گیا۔ جمعرات 15 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد اگلے روز 16 فروری کو کاغذات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ امیدواروں کی طرف سے نام واپس لینے کی آخری تاریخ 20 فروری رکھی گئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر 27 فروری کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور اسی دن شام کو ووٹوں کی گنتی بھی ہوگی۔
دریں اثنا، ریاست میں حکمراں جماعت، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج راجیہ سبھا انتخابات کے لیے چار امیدواروں کا اعلان کیا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے مرکزی وزیر ڈاکٹر ایل مروگن کو مسلسل دوسری بار مدھیہ پردیش سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اُجین کی سنت برادری سے تعلق رکھنے والے اومیش ناتھ مہاراج نئے چہرے کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی مہیلا مورچہ کی ریاستی صدر محترمہ مایا نرولیا اور پارٹی کے کسان مورچہ کے قومی نائب صدر بنسی لال گرجر کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس نے بدھ کی صبح تک کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد کی بنیاد پر یہ یقینی سمجھا جاتا ہے کہ چار سیٹیں بی جے پی کے کھاتے میں جائیں گی۔ دیگر ایک سیٹ پر کانگریس امیدوار کی جیت کا امکان ہے۔ 230 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے 163 اور کانگریس کے 66 ایم ایل اے ہیں۔ دیگرایک ایم ایل اے کملیش ڈوڈیار نے بھارت آدیواسی پارٹی کے بینر تلے سیلانہ اسمبلی سیٹ سے الیکشن جیتا ہے۔