ایٹہ/علی گڑھ: یتی نرسنگھانند کے متنازعہ بیان کے خلاف ریاست اترپردیش کے کئی اضلاع میں مسلمانوں کا زبردست احتجاج جاری ہے۔ ایٹہ اور علی گڑھ سمیت کئی علاقوں میں یتی نرسنگھانند کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا جارہا ہے۔ ایٹہ میں مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں نے کوتوالی نگر تھانہ پہنچ کر یتی نرسنگھانند سمیت تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ شکایت میں ان تینوں پر مذہبی جذبات بھڑکانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وہیں علی گڑھ میں بھی یتی نرسنگھانند کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پولیس تھانہ کوتوالی نگر میں مسلم کمیونٹی کے لیڈر ظہیر احمد، ایڈوکیٹ محمد عرفان اور شرافت حسین نے ڈاسنا دیوی مندر کے مہنت یتی نرسنگھانند، انیل یادو اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کرائی۔ ان لوگوں پر پیغمبر اسلام کی شان میں توہین کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ ایڈوکیٹ محمد عرفان نے بتایا کہ غازی آباد کے مہنت نے غازی آباد کے لوہیا نگر میں 29 ستمبر کو منعقدہ ایک پروگرام میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخانہ بیان دیا۔ مسلمانوں نے اس کے خلاف احتجاج جلوس بھی نکالا اور اے ڈی ایم انتظامیہ ستیہ پرکاش کو میمورنڈم حوالہ کیا۔