نئی دہلی: تقریباً ایک سال کے انتظار کے بعد بالآخر جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کو باقاعدہ وائس چانسلر مل گیا۔ جے این یو کے پروفیسر مظہر آصف نے جمعہ کو جامعہ کے 16ویں وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہیں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد شکیل نے چارج دے دیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور دیگر ملازمین موجود تھے۔
اس دوران قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر محمد شکیل نے کہا کہ ہم سب کو امید ہے کہ پروفیسر مظہر کی قیادت میں جامعہ ملیہ اسلامیہ آگے بڑھے گی اور ہم اپنی این آئی آر ایف کی درجہ بندی کو بھی بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین پیرامیٹرز پر ہماری این آئی آر ایف NIRF رینکنگ بہت اچھی رہی ہے اور ہم سب کے ساتھ مل کر دیگر پیرامیٹرز کو بھی بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ جامعہ کی وزیٹر صدر دروپدی مرمو نے یونیورسٹی ایکٹ میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے اسکول آف لینگویجز کے پروفیسر مظہر آصف کو جامعہ کا نیا وائس چانسلر مقرر کیا ہے۔ ان کی تقرری 5 سال کے لیے ہو گی یا جب تک وہ 70 برس کے نہیں ہوجاتے۔ وہ جے این یو کے سابق طالب علم ہیں اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔