مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے شاہ پور تھانہ پولیس نے کسروا نہر پل کے قریب چیکنگ کرتے ہوئے دو بدمعاشوں کو گرفتار کیا۔ ان کی نشاندہی پر باغ سے بھاری مقدار میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کیا۔ ملزمان آنے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل مذکورہ غیر قانونی ہتھیار فروخت کرنے کی فراق میں گھوم رہے تھے۔ پولیس نے دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کے بعد چالان جاری کر دیا ہے۔ دونوں کے مجرمانہ ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ پولیس یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ دونوں ملزمان غیر قانونی اسلحہ کس کو فروخت کرنے جا رہے تھے۔
ایس پی دیہات سنجے کمار نے پریس کانفرنس کے دوران مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ پور تھانہ کو مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ کسروا نہر پلیا کے قریب ہی دو نوجوان غیر قانونی اسلحہ لے کر کہیں جا رہے ہیں۔ پولیس نے محاصرہ کرتے ہوئے دونوں کو پکڑ لیا۔ پولیس نے جب ان دونوں سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے اور بھی غیر قانونی اسلحے کے بارے میں پولیس کو جانکاری دی۔