ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی سمیت مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش نے ایک بار پھر ملک کی صنعتی دارلحکومت ممبئی کی رفتار کو ایک جھٹکے میں روک دیا۔ ممبئی کے ملاڈ سمیت بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی جما ہونے کے سبب عام لوگوں کو بڑی دشواروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بارش کے سبب گاڑیوں کی آمدورفت بھی پوری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بارش کے باعث ممبئی کی لائف لائن کہلانے والی لوکل ٹرین کی خدمات بھی پوری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ ممبئی کارشیڈ میں اب بھی بارش کا پانی جما ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاڈ علاقے میں صبح پانچ بجے موسلادھار بارش کی وجہ سے کار ملاڈ سب وے میں پھنس گئی۔ علاقہ کے لوگوں کی مدد سے ڈرائیور کو باہر نکالا گیا۔ تقریباً 8 گھنٹے بعد جب بارش رکی تو مقامی شہریوں کی مدد سے گاڑی کو باہر نکالا گیا۔