ملاپورم: کیرالہ کے ملاپورم میں آری کوڈ کے قریب فٹ بال کے میدان میں پٹاخے پھٹنے سے 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد لوگ صدمے میں ہیں۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی جانچ میں مصروف ہے۔
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق فٹبال میدان میں میچ سے قبل افتتاحی تقریب کے دوران پٹاخوں کا ڈھیر پھٹ گیا جس سے میدان میں افراتفری مچ گئی۔ اس دوران بھگدڑ میں کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ میچ کی افتتاحی تقریب کے دوران آتش بازی کی جا رہی تھی۔ اسی بیچ ایک چنگاری پٹاخوں کے ڈھیر تک پہنچ گئی جس کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا۔ پٹاخوں کے ڈھیر میں زور دار دھماکہ ہوا۔ تماشائی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔