پلوال: ہریانہ کے پلوال میں اولڈ جی ٹی روڈ پر پی این جی گیس پائپ لائن میں دھماکے سے منگل کو زبردست آگ لگ گئی۔ آگ نے تین دکانوں اور ایک جے سی بی مشین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ قریب میں واقع چائے اسٹال چلانے والا شخص جل کر ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جے سی بی مشین سے پانی کی لائن کے لیے گڑھا کھودا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آگ شدید تھی جس میں تین دکانیں جلکر خاکستر ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق اولڈ جی ٹی روڈ پر پینے کے پانی کی لائین کی مرمت کے لیے جے سی بی مشین کی مدد سے بڑا گڑھا کھودا جا رہا تھا۔ گہری کھدائی کے باعث جے سی بی مشین کا کھدائی کرنے والا حصہ پی این جی گیس پائپ لائن سے ٹکرا گیا جس سے چنگاری نکلنے کے بعد پی این جی گیس لائن میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔