کلکتہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ایک بار پھر عظیم اتحاد سے الگ ہوکر بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کی خبروں کے درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر نتیش کمار انڈیا اتحاد چھوڑ کر جاتے ہیں تو اس سے انڈیا اتحاد کو نقصان نہیں ہوگا۔ راج بھون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد تقریب میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر نتیش کمار چلے جاتے ہیں تو یہ انڈیا اتحاد کے لئے اچھا ہوگا۔بہار کے عوام اس تبدیلی کو پسند نہیں کریں گے۔
اس سے قبل ممتا بنرجی نے واضح کیا تھا کہ بنگال میں ترنمول کانگریس سیٹوں کی تقسیم نہیں کرے گی۔تنہا انتخاب لڑے گی اور انتخابات کے بعد اتحاد میں شامل رہیں گی ۔ممتا بنرجی کے اس اعلان کے اگلے دن ہی جمعرات کو بہار کی سیاست میں ہلچل تیز ہوگئی ہے-گرچہ اس معاملے میں اپوزیشن لیڈران کچھ بھی کہنے سے گریز کررہی ہیں مگر سب سے پہلے اس معاملے میں ممتا بنرجی نے اپنا موقف پیش کیا ہے اور نتیش کمار کی اس تبدیلی کو اہمیت دینے سے گریز کیا ہے۔