پٹنہ: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے تیجسوی پرساد یادو نے آج کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار سال 2022 میں ان کے والدین کے پاس ہاتھ جوڑ کر ان سے درخواست کرنے آئے تھے کہ وہ انہیںعظیم اتحاد میں شامل کر لیں۔
یادو نے جمعہ کو یہاں کہا کہ کمار بہت خوفزدہ تھے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سال 2022 میں ان کی پارٹی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کو توڑ دے گی۔ ایسے میں کمار ہاتھ جوڑ کر ان کے والدین لالو پرساد یادو اورمسز رابڑی دیوی کے پاس آئے اور انہیں عظیم اتحاد میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایا کہ کمار نے ان کے والدین سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں معاف کر دیں اور انہیں بی جے پی کی مذموم سازش سے بچائیں جو جے ڈی یو کو توڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا، ''میں جانتا تھا کہ مسٹر کمار کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ کب ’ یوٹرن ‘ لیں گے لیکن لالو جی نے بڑا دل دکھاتے ہوئے انہیں قبول کیا اور مسٹر کمار کو 2022 میں وزیر اعلیٰ بننے کیلئے حمایت دی۔ لیکن مسٹر کمار نے پھر وہی کیا جس کی توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ کمار نے اس سال 28 جنوری کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت بنانے کے لئے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ وہ کب تک وہاں رہیں گے۔