نئی ممبئی: ملک کے بیشتر حصوں میں بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سڑکیں تو خراب ہوئی ہیں ساتھ ہی کچھ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ آسام میں سیلاب کی وجہ سے حالات خراب ہیں تو دوسری طرف کئی ریاستوں میں بارش کے پانی نے لوگوں کے لیے پریشانیاں پیدا کردی ہیں۔ مہاراشٹر کے بیشتر حصوں میں بھی گذشتہ کئی دنوں سے بارش ہو رہی ہے۔
اس موسلا دھار بارش کے سبب نئی ممبئی میں ہفتہ کی صبح ایک تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ خوش قسمتی یہ رہی کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ ملبے میں تین افراد دب گئے تھے جس میں دو لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک فرد ابھی بھی ملبے کے تلے دبا ہوا ہے۔ فی الحال یہاں پر ابھی راحت کا کام جاری ہے۔
عمارت منہدم یہ واقعہ نئی ممبئی کے بیلا پور کے قریب شہباز گاؤں میں ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا۔ راحت اور بچاؤ آپریشن کا کام بغیر کسی تاخیر کے شروع کردیا گیا۔ نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ عمارت کے ملبے تلے ایک شہری پھنسا ہوا ہے جس کو بچانے کا کام جاری ہے۔