مظفر نگر:30 سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر عدالت نے رام پور تیراہا واقعہ میں اجتماعی جنسی زیادتی ، ڈکیتی، چھیڑ چھاڑ اور سازش کے معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ 15 مارچ کو سزا سنائے جانے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھتے ہوئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔اس میں عدالت نے رام پور تیراہا واقعہ میں پی اے سی کے دونوں کانسٹیبلوں کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے انہیں عمر قید کے ساتھ 50-50 ہزار روپے کے مالی جرمانے کی سزا سنائی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نمبر 7 کے پریذائیڈنگ افسر شکتی سنگھ نے اس واقعے کو جلیانوالہ واقعے سے ملتا جلتا بتایا جس نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔اس دوران انہوں نے یوپی پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست کی پولیس اپنی خدمات میں سب سے آگے ہے اور ان دونوں پولیس اہلکاروں نے انہیں بدنام کرنے کا کام کیا ہے۔