گیا: ریاست بہار کے شہر گیا کے ایک مسلم شخص کے لئے گائے پروری مصیبت ہوگئی ہے، ساتھ ہی اس شخص کا الزام ہے کہ اُسے مسلم ہونے کے ناطے تفریق کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گائے پروری کرکے ہی وہ اپنے کنبے کی پرورش کرتا ہے۔ اسے اپنی گائے کو چھڑانے کے لیے میونسپل کارپوریشن میں کافی محنت کرنی پڑرہی ہے لیکن اس کی گائے کو نہیں چھوڑا جا رہا ہے۔ کیونکہ وہ مسلمان ہے۔ یہاں تک کہ اس نے میونسپل کارپوریشن کو دو گایوں کا فی گائے 5000 ہزار روپے کا جرمانہ بھی جمع کرایا ہے۔ اس کے باوجود اس کی گائیں نہیں چھوڑی جا رہی ہیں۔ حالانکہ گائے پروری کرنے والا شخص میونسپل کارپوریشن کے جس وارڈ میں رہتا ہے اس کے کونسلر کی طرف سے تحریری گواہی دینے کے بعد بھی گائے کو چھوڑا نہیں جارہا ہے۔
جرمانہ کی رقم وصولنے کے بعد اب میونسپل کارپوریشن کے افسران گائے پروری کرنے والے مسلم شخص سے ضبط کی گئی گائے کی ملکیت کا ثبوت مانگ رہے ہیں۔ جبکہ گائے پروری کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ وہ کہاں سے اور کیا ثبوت لائے؟ یہ بات اس کو سمجھ میں نہیں آرہی ہے۔ کیونکہ گائے اسکے یہاں بچے سے ہے، اوپر سے میونسپل کارپوریشن نے گائے کو پکڑ کر گاؤ شالہ کے حوالے کر دیا ہے۔ جس گائے کو کارپوریشن نے پکڑا ہے وہ حمل سے بھی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے اس رویہ کو لے کر گائے پروری کرنے والے شخص کے رشتے داروں میں شدید غم اور غُصہ ہے۔
دراصل 23 ستمبر کو میونسپل کارپوریشن نے گر نسل کی دو باچھی ' گائیں ' گھومتے ہوئے پکڑی تھیں۔ شام تک گائے جب گھر واپس نہیں آئیں تو گائے مالک ببلو قریشی نے تفتیش شروع کردی۔ رات میں اسے معلوم ہوا کہ میونسپل کارپوریشن نے گائے کو نگمتیہ روڈ سے اٹھا کر بودھ گیا میں واقع کھجوتی گوشالہ میں رکھا ہے۔ اس کے بعد وہ اپنی گائے کی تلاش میں کھجوتی گوشالہ پہنچ گیا۔ اپنی گائے کو وہاں محفوظ اور صحت مند پایا۔ جب انہوں نے گائے کو وہاں چھوڑنے کے بارے میں پوچھا تو انہیں بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن میں جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی گائے کو چھوڑا جائے گا۔
اس کے بعد 25 تاریخ کو اس نے میونسپل کارپوریشن میں 5،000 روپے جرمانہ ادا کیا جہاں سے دو رسیدیں جاری کرکے اُسے دیا گیا۔ یہی نہیں وہ گائے کی رہائی کے حوالے سے سٹی منیجر سے محکمہ جاتی خط بھی لیا اور جرمانے کی رسید لے کر کھجوتی گاؤ شاله پہنچا، سٹی منیجر کے محکمہ جاتی خط کے مطابق گائے کو چھوڑنے کے لئے واضح احکامات ہیں۔ لیکن جرمانے کی رسید پر مسلم نام اور میونسپل کارپوریشن کا خط دیکھ کر وہاں موجود ملازم نے کہا کہ ہم آپ کو گائے نہیں دے سکتے۔