ممبئی: ممبئی کانگریس کے دو سینیر لیڈران نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ ان میں ایک ملند دیورا اور دوسرے بابا صدیقی ہیں۔ ملند دیورا جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں سے ہی انتخاب میں پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہیں، لیکن اب انہوں نے شندے سینا میں شمولیت اختیار کر لی اور ہمیشہ کے لیے کانگریس کو الوداع کہہ دیا ہے۔
وہیں بابا صدیقی نے بھی کانگریس کو الوداع کہہ دیا اور انہوں نے اجیت پوار کی پارٹی این سی پی میں شمولیت اختیار کی ہے، حالانکہ بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی ابھی بھی کانگریس میں ہی ہیں۔ ملند دیورا کے جانے کے بعد اب اُن کے سیاسی شاگرد امین پٹیل کو لیکر قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ لیکن اس سے قبل امین پٹیل نے سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر صفائی پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے آپ کو لیکر عوام کی قیاس آرائیوں کا جواب دے دیا کہ وہ ایسا کچھ نہیں کر رہے۔
اب ان سب قیاس آرائیوں کے بیچ اہم سوال یہ ہے کہ دو مسلم اراکین اسمبلی جن کے گاڈ فادر نے کانگریس پارٹی تو چھوڑ دی لیکن اُن کے شاگرد ابھی بھی کانگریس میں ہیں تو کیوں ہیں۔ سیاسی ذرائع سے ان سب کے لیے یہ جانکاریاں بھی مل رہی ہیں کہ یہ آنے والے انتخابات تک ہی کانگریس کے وفادار رہیں گے۔ ادھر انتخابات ختم اُدھر ان کا پارٹی سے تعلق بھی ختم۔