ممبئی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی-شاہ نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ریاست میں اگلے چھ ماہ تک صدر راج نافذ کرنے کی سازش کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راوت نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت آنے والی ہے اور بی جے پی کو شکست کا خوف ہے۔
شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی ہونے والی ہے۔ بی جے پی شکست کے سائے میں ہے۔ اس لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ووٹر لسٹ کا گھپلہ جاری ہے۔ ووٹر لسٹ سے نام غائب ہورہے ہیں۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے بات کی ہے کہ 150 اسمبلی حلقوں میں سے کم از کم 10 ہزار نام غائب ہیں۔ یہ جمہوریت کا سب سے بڑا دھوکہ ہے۔ ہم اس بات پر لوگوں کی توجہ ضرور دلائیں گے۔
شیو نیتا لیڈر نے دعویٰ کیا کہ "چندر شیکھر باونکولے فرضی ووٹر لسٹ گھوٹالے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ راوت نے ان پر الزام عائد کیا کہ ’اس سلسلے میں ناگپور میں ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کرکے ووٹر لسٹ میں جعلی نام درج کرنے اور ووٹرزکے نام ہٹانے کی کارکنوں کو تربیت دی گئی‘۔ سنجے راوت نے بی جے پی لیڈروں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ مرد ہیں تو جمہوری طریقے سے الیکشن کا سامنا کریں۔ انہوں نے ہریانہ اور جھارکھنڈ میں ووٹر لسٹ گھوٹالہ کیا اور اب وہ مہاراشٹر میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم سڑکوں پر آئیں گے، امت شاہ گندی سیاست کر رہے ہیں۔ وہ مہاراشٹر کے دشمن ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: بی جے پی نے 99 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی انتخابات 20 نومبر کو ہیں اور نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ نئی حکومت 26 نومبر کو تشکیل دی جائے گی۔ ہماری ایم وی اے حکومت ضرور اقتدار میں آئے گی۔ ریاست میں اقتدار کی منتقلی ہوگی۔ نئی حکومت بننے میں صرف دو دن لگیں گے۔ اگر اس مدت کے دوران حکومت نہیں بنتی ہے تو الیکشن کمیشن کی جانب سے ریاست میں صدر راج نافذ کردیا جائے گا۔