کولکاتا:بنگلہ دیش کے رکن پارلیمان انوار العظیم کی لاش کولکاتا سے متصل نیو ٹاؤن کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔ وہ علاج کے لیے بھارت آنے کے بعد گذشتہ آٹھ روز سے لاپتہ تھے۔ بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے تین بار کے رکن پارلیمان کی لاش بدھ کی صبح برآمد ہونے کے بعد سنسنی پھیل گئی ہے۔ ان کی موت کی وجہ اب تک معلوم نہیں چل سکی ہے۔
بدھ نگر پولس کمشنریٹ کے انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے اپنا نام ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے بڑی مشقت کے بعد بنگلہ دیش کے رکن پارلیمان کا سراغ لگایا۔ نیو ٹاؤن میں ایک رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران آج ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ رہائش گاہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بتایا جاتا ہے کہ تحقیقات میں ایس ٹی ایف اور آئی بی کے جاسوس بھی شامل ہیں۔ انوار العظیم کولکاتا پہنچنے کے بعد سے جس گاڑی کا استعمال کر رہے تھے اس کا بھی سراغ لگایا گیا ہے۔پورے معاملے کی تفتیش کی جاری ہے۔ اس معاملے میں مزید کچھ کہا نہیں جا سکتا۔