مالیگاؤں:مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع سنگمیشور علاقے میں شیخ رفیق ایوب نامی نوجوان کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔ اس معاملہ میں ملی تفصیلات کے مطابق رات ساڑھے دس بجے کے قریب سنگمیشور کے علاقے باب مولانا محمد اسحاق گیٹ کے پاس رفیق نامی نوجوان اور ان کے بھائی اپنے دوستوں سے ملاقات کے لیے کھڑے ہوئے تھے۔ اس بیچ چار نوجوان موٹر سائیکل پر آئے اور رفیق سے کرسی لگانے کے معاملہ کو لے کر بحث شروع کر دی۔ بحث کے دوران ایک نوجوان نے تھیلی میں سے تیز دھار ہتھیار نکال کر رفیق کے سر اور پیٹ پر کئی وار کرکے اسے شدید طور پر زخمی کردیا۔ اور دو نوجوان موقعۂ واردات سے موٹر سائیکل کے ذریعہ فرار ہوگئے، اور دو گلی کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔ رفیق کو زخمی حالت میں سول اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسے مردہ قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
عتیق احمد واشرف کے قتل کو ایک سال مکمل، قتل کی وجوہات کا اب تک بھی انکشاف ندارد - Atiq Ashraf Murder Case
واضح رہے کہ اس طرح کی تفصیل سول اسپتال کے باہر رفیق کے بھائی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران دی۔ فی الحال مذکورہ معاملہ کی اطلاع ملتے ہی شہر کے ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی، کیمپ علاقے کے ڈی وائی ایس پی، چھاؤنی پولیس اسٹیشن کے پی آئی نے فوراً موقعۂ واردات پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ اور حالات کا جائزہ لینے کے لیے سول اسپتال بھی پہنچے اور مہلوک نوجوان کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ قتل کی واردات کو انجام دینے والے افراد پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ وہیں حالت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سنگمیشور علاقہ میں پولیس کا سخت بندوبست تعینات کردیا گیا۔ جب کہ اس معاملہ کے بعد اطراف کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
اس درمیان سول اسپتال کے باہر سماجی کارکن رام داس بورسے نے کہا کہ سنگمیشور علاقے میں ایسے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں، پولیس انتظامیہ کو اس بارے میں اطلاع رہتی ہے کہ یہاں ایسے معاملات رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ علاقہ شہر کے دوسرے علاقوں سے کافی حساس ہے۔ یہاں ہمیشہ پولیس کا سخت بندوبست ہونا چاہیے تاکہ ایسی واردات کو روکا جاسکے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر کے ایسے حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشن چلایا جائے تاکہ غنڈہ عناصر میں پولیس کا خوف برقرار رہے اور اس طرح واردات دوبارہ رونما نہ ہوسکے۔