ناسک: ناسک ممبئی ہائی وے فلائی اوور پر اتوار کو ایک ٹیمپو اور ٹرک کے بیچ ٹکر میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ ناسک پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ وہ ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ شام 7:30 بجے آیاپا مندر کے قریب پیش آیا۔ 16 مسافروں کو لے کر ایک ٹیمپو نپھاڑ میں ایک مذہبی تقریب سے واپس آ رہا تھا۔ ٹیمپو ناسک کے سڈکو علاقہ کی طرف جا رہا تھا۔ ٹیمپو ڈرائیور گاڑی سے کنٹرول کھو بیٹھا اور لوہے کی سلاخوں سے لدے ایک ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کئی مسافروں کی موقعے پر ہی موت ہو گئی، جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حادثے کے بارے میں ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹیمپو میں 16 مسافر سوار تھے۔ سب سڈکو ایریا جا رہے تھے اور نپھاڑ میں ایک مذہبی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ اسی دوران ٹیمپو کا ڈرائیور دوارکا سرکل کے پاس گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور لوہے کی سلاخوں سے لدے ٹرک کے پیچھے سے ٹکرا گیا۔ تصادم کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کئی لوگوں کی موقعے پر ہی موت ہو گئی۔