ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ 288 اسمبلی نشستوں پر ایک ہی مرحلے میں ووٹ کا عمل ہو گا۔ ممبئی سمیت ریاست بھر کے لوگ جمہوریت کے اس جشن میں شامل ہونے کے لیے پولنگ بوتھ پہنچ رہے ہیں۔
این سی پی (ایس سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے بارامتی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔ اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد، شرد پوار نے لوگوں سے ووٹنگ کے اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ، "لوگوں کو ووٹ دینا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ مہاراشٹر کے لوگ بڑی تعداد میں پرامن طریقے سے ووٹ دیں گے۔ 23 نومبر کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ کس کو ووٹ دیا گیا ہے۔"
اس موقع پر سپریا سولے کے خلاف لگائے گئے الزامات کے بارے میں شرد پوار نے کہا کہ "...الزامات لگانے والا شخص کئی مہینوں سے جیل میں تھا اور اس شخص کو ساتھ لے کر جھوٹے الزامات لگا رہا تھا، یہ کام صرف بی جے پی ہی کر سکتی ہے۔"
وہیں، بارامتی سے رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے بارامتی کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ ووٹ دیا۔ انھوں نے ونود تاوڑے کے خلاف پسے تقسیم کرنے کے الزامات پر کہا کہ، "یہ ایک بہت پریشان کن ویڈیو تھا۔ ونود تاوڑے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کے ایک بڑے سیاست دان ہیں..."
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اور بارامتی اسمبلی حلقہ سے این سی پی کے امیدوار، اجیت پوار نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی سیاہی والی انگلی دکھا کر لوگوں سے اپنے جمہوری حق کو استعمال کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر انھوں نے مہایوتی حکومت بننے کا دعویٰ کیا۔
ممبئی میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد، این سی پی لیڈر اور مانکھرد شیواجی نگر سے امیدوار، نواب ملک نے کہا کہ، "میں نے آج اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، میرا خاندان بھی ووٹ ڈال رہا ہے۔ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔ اور اپنی پسند کا ایم ایل اے منتخب کریں۔
حال ہی میں اپنے والد بابا صدیقی کے قتل کا دکھ جھیل چکے، ذیشان صدیقی نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہا کہ، "میں پہلی بار اکیلا ووٹ ڈالنے آیا ہوں۔ میرے والد (بابا صدیقی) نہیں رہے، یہ الگ بات ہے لیکن یہ کرنا ہی پڑے گا۔ مجھے معلوم ہے کہ میرے والد میرے ساتھ ہیں۔ میں نے اپنا ووٹ دیا۔ میرے خیال میں سب کو ووٹ دینا چاہیے..."